اسلام آباد: پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان پر جموں کشمیر ایئرپورٹ، راجستھان اور بھارتی پنجاب پر حملوں کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے اور انہیں بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے مختلف علاقوں پر بلااشتعال میزائل حملے کیے جن میں معصوم شہری اور بچے شہید ہوئے۔ ان حملوں کے بعد اب بھارت جھوٹا تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ پاکستان نے جوابی حملے کیے ہیں، حالانکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے خود ہی مقبوضہ کشمیر میں میزائل داغے اور الزام پاکستان پر دھر دیا تاکہ دنیا کی توجہ اپنی اشتعال انگیزی سے ہٹا سکے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستان نے جموں کشمیر کے ایئرپورٹ اور دیگر مقامات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ جبکہ پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ پاکستان نے نہ تو کسی بھارتی علاقے پر حملہ کیا ہے اور نہ ہی کوئی طیارہ یا ڈرون بھیجا ہے۔ یہ محض بھارتی میڈیا کا جھوٹا اور اشتعال انگیز پروپیگنڈا ہے جس کا مقصد عوامی رائے کو گمراہ کرنا اور بھارت کی جارحیت کو جواز فراہم کرنا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقوں اکھنور، سامبا اور کٹھوعہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ راجستھان اور جموں کشمیر کے کئی علاقوں میں مکمل بلیک آؤٹ کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی طیارے محفوظ، بھارتی دعوے بے بنیاد:
بھارتی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی افواج نے پاکستان کے ایک ایف-16 اور دو جے ایف-17 طیارے مار گرائے ہیں، تاہم پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کا کوئی طیارہ تباہ نہیں ہوا، تمام پائلٹ اور طیارے محفوظ ہیں، اور پاک فضائیہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
رافیل طیاروں کی تباہی کی عالمی تصدیق:
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فضائیہ نے بھارت کے پانچ طیارے، جن میں تین رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے تھے۔ اس کارروائی کی تصدیق نہ صرف اعلیٰ سطحی امریکی حکام نے کی ہے بلکہ عالمی نشریاتی ادارے بھی اس کی تصدیق کر چکے ہیں۔
آئی پی ایل میچ معطل، بھارت میں خوف کی فضا:
پاکستانی کارروائیوں کے بعد بھارتی ریاستوں میں خوف کی فضا پھیل گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دھرم شالہ میں جاری آئی پی ایل میچ کو اچانک روک دیا گیا۔ راجستھان اور دیگر علاقوں میں بلیک آؤٹ کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر میچ ملتوی کیا گیا۔
جعلی خبریں اور سوشل میڈیا پروپیگنڈا:
بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستانی پائلٹ کی گرفتاری اور دیگر بے بنیاد دعوے کیے جا رہے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا کوئی پائلٹ گرفتار نہیں ہوا۔ یہ تمام خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں اور بھارت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کی بھارتی کوشش:
کشیدگی کے دوران بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (سابقہ ٹویٹر) سے 8000 سے زائد اکاؤنٹس بلاک کرنے کی درخواست کی ہے۔ ان اکاؤنٹس میں بین الاقوامی اداروں، صحافیوں اور تجزیہ کاروں کے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔ عالمی نشریاتی ادارے CNBCکے مطابق بھارت نے ان اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے لیے کوئی قابل اعتبار شواہد پیش نہیں کیے۔