وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے عمران خان سے ملنے نہ دینے کا شکوہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب کوئی وزیر خیبرپختونخوا میں داخل ہوکر دکھائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آج مجھے اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیا گیا میں وزیراعظم سے کہتا ہوں، اب کوئی وزیر خیبرپختونخوا میں داخل ہوکر دکھائے ۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ملنے کے لیے آنے والے علی امین گنڈاپور کو پولیس نے اڈیالہ جیل جانے سے روکنے کی کوشش کی، اڈیالہ روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے وزیراعلی کے قافلے کو روک لیا گیا۔ جس کے بعد وزیراعلیٰ اپنے سیکورٹی عملے کے ساتھ پیدل ہی اڈیالہ جیل کی طرف روانہ ہوگئے، اس دوران راولپنڈی پولیس کی وزیراعلی کے سیکورٹی عملے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوگئی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عدالت کے حکم کے مطابق ہمیں عمران خان سے ملنے کی اجازت ہے لیکن پولیس کی طرف سے اجازت نہ دینا عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ملاقاتیوں میں میرا نام بھی شامل ہے، پولیس کی طرف سے راستے میں روکنا لاقانونیت کی انتہا ہے، جیل انتظامیہ ملاقات کی اجازت نہیں دیتا تو وہ ایک الگ معاملہ ہے، میں اس کے خلاف عدالت جاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ سے گزارش ہے پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے، اپنے احکامات پر عملدرآمد کرائیں، ہماری نظریں آپ پر ہیں لیکن آپ کے احکامات کی کوئی وقعت نہیں، عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ عدلیہ نے کرنا ہے، علمدر آمد نہیں ہوگا تو ہم مزاحمت کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جب ہم مزاحمت کرتے ہیں جعلی پرچے ہوتے ہیں پھر ضمانتیں نہیں ہوتی، میں ایک صوبے کا وزہراعلی ہوں ہمیں کوئی راستہ بتائیں، چیف جسٹس جو کہ میرے صوبے کا ہے گزارش ہے اپنے احکامات پر عملدرامد کرائیں، عدالتی احکامات پر بھی وزیراعلیٰ کو ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ 4 ہفتے سے کوشش کررہا ہوں کہ ملاقات ہوجائے، لیکن کہا گیا کہ ملاقات ممکن نہیں، پچھلے ہفتے بھی کہا گیا ملاقات نہیں ہوسکتی، اس مرتبہ بانی کا پیغام آیا تھا ملاقات کرنی ہے آج عدالتی احکامات سے آیا تھا، پہلے وزارت داخلہ کے زریعے آتا تھا آج عدالتی احکامات پر آیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو کہتا ہوں اپ ایک عورت ہو، آپ فارم 47 کی وزیراعلی ہو، پنجاب پولیس نے آج مجھے لیڈر سے ملاقات سے روکا ہے، مریم نواز کو چیلنج کرتا ہوں اب مریم نتھیا گلی گھر جاکر دکھائے جب کہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ سے کہتا ہوں اب آپ کا کوئی ایم این اے میرے صوبے میں داخل ہوکر دکھائے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ موجودہ جنگی حالات میں میرا پیغام یہی ہے جس کو ٹھیک لگے ٹھیک نہیں لگے بھاڑ میں جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو پیغام ہے کہ ہمارا ایمان ہے کہ غزوہ ہند ہوگا اور ہم ذہنی طور پر تیار ہیں، ہماری خواہش ہے کہ ہماری شہادت ہو، ہمیں شہادت کا رتبہ ملے گا، ہم ایسے حالات میں شہید ہوکر امر ہوجائیں گے لیکن مودی تم نیست و نابوت ہوجاو گے۔