پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ میچز دبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پی سی بی نے اس حوالے سے دبئی کرکٹ بورڈ سے معاملات طے کر لیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل میچز کے اسٹیک ہولڈرز کی میٹنگ آج منعقد ہو ئی اور اجلاس میں ٹورنامنٹ کے میچز جاری رکھنے کے حوالے سے پی ایس ایل سیزن 10 کے بقیہ میچز دبئی میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے پلے آف سے قبل 4 لیگ میچز باقی ہیں۔ قبل ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے پی ایس ایل ملتوی ہونے کا امکان ہے، یاد رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے پی ایس ایل سیزن 10 شیڈول کے مطابق کروانے کا کہا تھا۔
دوسری جانب راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی فوڈ سڑیٹ کے قریب پاک فوج نے ایک اور بھارتی ڈرون مار گرایا، سکیورٹی فورسز کی جانب سے بھارتی ڈرون مار گرائے جانے کے بعد جائے وقوعہ کے گرد قناعتیں لگادی گئیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جاسکے۔