چین نے پاکستان کی جانب سے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کے ذریعے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافے سے بچنے کے لیے پاکستان اور بھارت کو کشیدگی ختم کرنے اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ لڑائی میں اضافے سے گریز کریں کیونکہ اس سے 2 جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم بھارت اور پاکستان دونوں سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امن و استحکام کو ترجیح دیں، پرسکون رہیں، پرامن طریقوں سے سیاسی تصفیے کی راہ پر واپس آئیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہو۔