پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر ’پہلگام‘ واقعے کا بے بنیاد الزام لگا کر پاکستان کی غیر جانبدارانہ اور مخلصانہ تحقیقات کی پیش کش کو ٹھکرا کر جارحیت کی، اس میں بھارت نے پہل کی اور اب اسے ہی پیچھے ہٹنا ہوگا۔
برطانوی براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کو دیے گئے انٹرویوں میں پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑنے کہا کہ پاکستان ایک انتہائی ذمہ دار ملک ہے، جس نے اپنی طرف سے ہمیشہ امن کی خواہش کا اظہار کیا، یہ بھارت ہی تھا جس نے ایک بے بنیاد الزام کی آڑ میں پاکستان کے خلاف جارحیت کی، جس کے الخمد اللہ ہماری افواج نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان کی افواج نے بھارت کی ان تمام فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے جہاں سے پاکستان پر میزائل داغے جا رہے تھے اور پاکستان کے خلاف جارحیت کی جا رہی تھی، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے بھارت کے کسی بھی شہری کو نشانہ نہیں بنایا۔
عطااللہ تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف کارروائی انتہائی صبر و تحمل کے بعد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق کی ہے، پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں اس کے باوجود بھارت کو پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے پہلگام واقعے پر تحقیقات میں اپنے بھرپور تعاون کی پیش کش کی جسے بھارت نے خود ہی ٹھکرا دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برداری کو بھی بتایا کہ بھارت جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر پاکستان کے خلاف جارحیت کرنا چاہتا ہے اس لیے بھارت ہمیں نہیں تو پہلگام واقعے کے ثبوت عالمی برادری کو یا میڈیا پر ہی لے آئے، لیکن بھارت ایسا کرنے میں بھی بری طرح ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ بھارتی انٹیلی جنس کی ناکامی تھی جس کا الزام پاکستان پر عائد کیا گیا یا پھر اس کے پیچھے مودی حکومت کا کوئی ایجنڈا پوشیدہ تھا، پاکستان بار بار کہہ چکا ہے کہ پاکستان خود کئی دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار ہے، وہ ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا بھارت پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات کو دوام بخشنے کے لیے اپنے ہی شہریوں پر بم برسائے اور عوام کے اندر پاکستان کے خلاف نفرت پیدا کرنے کے لیے اس کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کی کوشش کی ، اس حوالے سے بھارت نے امرتسر کو خود نشانہ بنایا، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، ہم نے کسی شہری کو نشانہ نہیں بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، بھارت نے پاکستان کو جوابی کارروائی پر مجبور کیا، بھارت نے پہل کی تو اب بھارت کی ہی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک قدم پیچھے ہٹے، وزیراطلاعات نے چین اور سعودی عرب کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا۔