افغانستان نے پاکستان کو سرحد پر امن کی یقین دہانی کرا دی

افغانستان نے پاکستان کو سرحد پر امن کی یقین دہانی کرا دی

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی میں افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی ایلچی محمد صادق خان ملک کی مغربی سرحد پر امن کو یقینی بنانے کے لیے اپنی سفارتکاری میں کامیاب رہے ہیں۔

مغربی سرحد پر امن کی غیر اعلانیہ حمایت اس وقت سامنے آئی جب افغانستان کے لیے پاکستان اور چین کے خصوصی ایلچی چین کے فلیگ شپ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) میں افغانستان کو بھی شامل کرنے اور رابطوں کو بڑھانے کے لیے کابل میں موجود تھے۔

اتوار کو سہ فریقی اجلاس کے سلسلے کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں چین اور پاکستان کے سفیروں نے افغان حکومت کے سینیئر حکام کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کیا۔ کابل کی وزارت داخلہ میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی، چین کے خصوصی ایلچی یو شیاؤ یونگ اور پاکستان کے خصوصی ایلچی محمد صادق نے اپنے وفود کے ہمراہ شرکت کی۔

یہ اجلاس تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان پانچویں سہ فریقی مذاکرات کے دوران ہونے والی بات چیت، آئندہ چھٹے دور کی تیاری اور ان کے درمیان وسیع تر سیاسی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

ملاقات کے دوران سراج الدین حقانی نے علاقائی روابط کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کابل کے نقطہ نظر سے اقتصادی اور سیاسی تعلقات کی ترقی کے ساتھ ساتھ علاقائی افہام و تفہیم باہمی احترام اور تعمیری روابط کو بھی فروغ دیا جانا چاہیے۔

چین اور پاکستان کے خصوصی ایلچیوں نے اچھے ہمسایہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور باہمی روابط کی بنیاد پر افغانستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ وزرائے خارجہ کے سہ فریقی مذاکرات کا چھٹا دور کابل میں ہوگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران مغربی سرحد پر امن کی صورت حال کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

پاکستان اور چین کے سفیروں نے افغان وزیر خارجہ عامر خان متقی سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی استحکام اور اقتصادی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عبوری افغان وزیر خارجہ نے پاکستان کو بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران کابل کی ’غیر متزلزل حمایت‘ کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستانی اور چینی سفیروں نے افغان وزیر تجارت سے بھی ملاقات کی۔ اپنی جاری سہ فریقی مصروفیات کے ایک حصے کے طور پر، پاکستان اور چین کے خصوصی نمائندوں نے افغان وزیر تجارت نورالدین عزیزی سے بھی ملاقات کی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی توسیع اور دیگر متعلقہ امور سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

افغان وزیر تجارت کا کہنا ہے کہ ہم نے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر تعمیری بات چیت کی۔ واضح رہے کہ تینوں فریقین نے مئی 2023 میں اسلام آباد میں ہونے والے ایف ایم سطح کے سہ فریقی مذاکرات بالخصوص سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق کیا تھا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *