پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان میں فضائی آپریشن معمول پر آنا شروع ہو گیا ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ائیرپورٹ حکام کا بتانا ہے کہ ملک کے تمام بڑے ہوائی اڈوں، بشمول لاہور، سیالکوٹ، کراچی، پشاور اور اسلام آباد پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز نے شیڈول کے مطابق پروازوں کی روانگی اور آمد کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ عرب امارات کی ایئرلائنز نے بھی پاکستان کے لیے اپنی پروازیں بحال کر دی ہیں۔
سعودی ایئرلائن کی جانب سے پاکستان کے لیے فضائی آپریشن کل سے دوبارہ شروع کیے جانے کی توقع ہے۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث فلائٹ آپریشن کی عارضی معطلی سے چند پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا، تاہم اب نظام تیزی سے بحال ہو رہا ہے۔
حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ائیرپورٹ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن کی ہیلپ لائن سے پرواز کے وقت کی تصدیق ضرور کر لیں تاکہ کسی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔