وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بھارت نیوکلیئر بلیک میلنگ کا جھوٹا بیانیہ بنا رہا ہے، کسی مرحلے پر بھی پاکستان کی طرف سے بلیک میلنگ نہیں کی گئی۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بھارت کا وطیرہ ہے ہمیشہ جھوٹ بولو، پاکستان نے اپنا موثر دفاع کیا ہے، ہم نے بھارت کے کسی شہری علاقے کو نشانہ نہیں بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے جنگ ہمارے اوپر مسلط کی تھی، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، بھارت جب بھی حملہ آور ہوگا ہمارا جواب اس سے بھی سخت ہوگا، سیزفائر کا مطالبہ بھارت کی طرف سے تھا۔
انہوں نے کہا کہ نریندرمودی کی باتیں اس کی ساکھ کو مزید خراب کر رہی ہیں، نریندر مودی کو بھارت میں گالیاں پڑ رہی ہیں، نریندر مودی کو شرمندگی کا سامنا ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نریندرمودی گھٹیا آدمی ہے، اس کی سوچ نے بھارت کو تباہ کر دیا، مودی آر ایس ایس کا بیانیہ لے کر چل رہا ہے، پاکستان دو جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ کو بےہودگی قرار دے رہا ہے۔