وزیر دفاع خواجہ آصف نے نریند مودی کے قوم سے خطاب پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مودی ایک شکست خوردہ جواری کی طرح بول رہے ہیں جس کے پاس کچھ نہیں بچا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کو پھر دھمکیوں دینے پر اپنے ردعمل میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نے اعتراف کیا کہ کشمیر اور دہشتگردی دونوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کے لیے قابل عمل موضوعات ہیں۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے خلاف جنگ کے ہر محاذ پر فاتح بن کر ابھرا ہے اور جب بھی بھارت دہشتگردی پر بات کرے گا تو اسلام آباد پہلگام واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کی صلاحیتوں کا بخوبی اندازہ ہو گیا ہے، بھارتی وزیراعظم اپنے عوام کے جذبات کو ٹھنڈا کرنے کے لیے پاکستان کے خلاف گیدڑ بھبکیاں چھوڑ رہے ہیں۔