افواج پاکستان کے محکمہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) نے پاکستان پر بلااشتعمال جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہریوں اور افواج پاکستان کے جوانوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
افواج پاکستان کے محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 6 اور 7 تاریخ کو پاکستان پر بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پاکستان کے 40 عام شہری شہید ہوئے ہیں جبکہ 121 زخمی ہوئے ہیں، شہدا میں 7 خواتین اور 15 معصوم بچے شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 10 خواتین اور 27 بچوں سمیت 121 افراد زخمی ہوئے ہیں، جو ملک کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معرکہ حق میں افواج پاکستان کے 11 جوان شہید 78 زخمی ہوئے، شہدا میں پاک فوج کے 6 اورپاک فضائیہ کے 5 جوان شامل ہے، شہید ہونے والوں میں نائیک عبدالرحمان اور لانس نائیک دلاور خان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں لانس نائیک اکرام اللہ اور نائیک وقار خالد بھی شامل ہیں، سپاہی محمد عدیل اکبر اور سپاہی نثار نے بھی جام شہاد نوش کیا، جبکہ پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے ملک و ملت پر جان نچھاور کرنے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان دشمن کی ہر چال کو ناکام بنانے اور مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کی عظیم قربانی ہمت، لگن اور غیر متزلزل حب الوطنی کی ایک لازوال علامت ہے ، یہ قربانیاں جو ہمیشہ کے لیے قوم کی یاد میں نقش ہیں، شہید ہونے والے شہریوں اور فوجی جوانوں کو قوم اور افواج زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دلی دعائیں کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں اس عزم کا اعاد کیا گیا ہے کہ پوری قوم جارحیت کے سامنے پرعزم ہے۔ اس میں کوئی ابہام نہیں رہنا چاہیے، پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا، ان شااللہ ایک تیز، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آزاد کشمیر کی اسٹیٹ ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے باعث آزاد کشمیر میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری کی تھیں، جن کے مطابق آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں بھارتی افواج کی جارحیت کے باعث ہوئے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں 31 شہری شہید، 123 زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 34 مکان مکمل تباہ، 253 کو جزوی نقصان ہوا، اس طرح 287 مکانات،21 دکانیں تباہ جبکہ 22 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔