پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے مایہ ناز کرکٹر مائیک ہیسن کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ پی سی بی نے باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیوزی لینڈ کے مایہ ناز سابق کرکٹر مائیک ہیسن کو پاکستان کی ونڈے اور ٹی20کرکٹ ٹیموں کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ مائیک ہیسن اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ہیں، پی سی بی اس سے قبل پاکستان کی وائٹ بال (محدود اوورز) کی ٹیموں کی قیادت کرنے کے لیے مائیک ہیسن کے نام پر غور کر رہی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے، نئے ہیڈ کوچ کی پہلی ذمہ داری بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ٹی20سیریز ہوگی۔ سیریز کے 5 میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے 3 لاہور اور 2 فیصل آباد میں ہوں گے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 21 مئی کو پاکستان پہنچے گی۔
اس کے علاوہ صاحبزادہ فرحان، حسین طلعت، حسن علی، فہیم اشرف اور علی رضا کو بھی اسکواڈ میں شامل کرنے کی اطلاعات ہیں۔