خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے مشرقی سرحد پر بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر اس کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، اب مغربی سرحد پر بھارت کی ’بی ٹیم‘ دہشت گردوں کو بھی شکست دیں گے۔
اپنے بیان میں مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس سمیت تمام سیکیورٹی ادارے بھارت کی ’اے‘ اور ’بی‘ ٹیموں کے خلاف متحد ہیں، بھارت خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کی پشت پناہی میں ملوث ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ امن دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور دہشتگردی کے خلاف پولیس اہلکاروں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے، بھارت کی بی ٹیم کو سر اٹھانے نہیں دیا جائے گا۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے گزشتہ روز پشاور میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، خیبر پختونخوا حکومت دھماکے میں شہید اہلکاروں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، واقعے میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔