راولپنڈی – چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشن “بنیانٌ مرصوص” کے دوران زخمی ہونے والے مسلح افواج کے جوانوں اور عام شہریوں کی عیادت کی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی غیر متزلزل بہادری، غیر معمولی ہمت اور قومی خدمت کے جذبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اور مسلح افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر متحد اور تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے قربانیاں دینے والے ہمارے ہیرو ہیں اور پوری قوم ان کی مقروض ہے۔
دورے کے اختتام پر ایڈمرل نوید اشرف نے اسپتال کے طبی عملے کی خدمات کو بھی سراہا جو زخمیوں کے علاج اور بحالی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔