آپریشن بنیان مرصوص ، ملک بھر میں تاریخی فتح پر آج یوم تشکر منایا جا رہا ہے

آپریشن بنیان مرصوص ، ملک بھر میں تاریخی فتح پر آج یوم تشکر منایا جا رہا ہے

بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص اور معرکہ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آج ملک بھر میں یو م تشکر منا یا جارہا ہے۔

ملک بھر میں دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21،21  توپوں کی سلامی دی گئی۔

پاک آرمی کے چاق وچوبند دستے کے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، فوجی جوانوں نے پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے خصوصی دعائیں کیں، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

مزار قائد پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مزار قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔

پرچم کشائی کی تقریبات وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کی جارہی ہیں ، ملک بھر میں یاد گار شہدا پر پھول بھی رکھے جائیں گے۔

یوم تشکر کی مرکزی تقریب پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی، وزیراعظم تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

صدر اور وزیراعظم کا پاک فوج کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

یوم تشکر پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اللہ کا شکر گزار ہوں کہ اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا، یہ صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، دشمن کی جارحیت کے خلاف قوم بنیان مرصوص کی مانند کھڑی رہی، مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آج اللہ کا شکر بجا لانے کا دن ہے، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، حملے میں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، دنیا نے دیکھا کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جو طیارے بھارت کا غرور تھے اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں، شاہینوں نے دشمن پر کاری ضربیں لگائیں یہ ہمارا دندان شکن جواب تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بہادر افواج نے دشمن کو جواب دیکر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، قوم کی طرف سے جنرل عاصم منیرکا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امید ہے پاک بھارت جنگ بندی برقرار رہے گی ، امریکا

دوسری جانب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ یومِ تشکر پاکستانی قوم کی ثابت قدمی اور اتحاد کی فتح کی علامت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم جمعہ کو اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہو کر اُس کا شکر ادا کرے گی کہ اُس نے ہمیں دشمن کی بلااشتعال جارحیت کے خلاف تاریخی کامیابی عطا فرمائی۔

واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان فوجی محاذ آرائی کا آغاز اس وقت ہوا جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کا الزام پاکستان  پرعائد کیا تھا۔

بعد ازاں، 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب نئی دہلی نے پاکستان پر فضائی حملوں کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا جس کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا۔

10 مئی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی ہو گئی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *