مہنگائی کی شرح میں اضافہ، 18 اشیاء مہنگی، 12 سستی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 1.03 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 1.29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 15 مئی کو ختم ہونے والے ہفتہ میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 313.24 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 1.03 فیصد زیادہ ہے۔
گذشتہ ہفتہ کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 5.20 فیصد، لہسن 3.45 فیصد، پیاز 2.57 فیصد، آلو 1.93 فیصد، لپٹن چائے 1.14 فیصد، ایل پی جی 0.90 فیصد، باسمتی چاول 0.54 فیصد، اڑھائی کلو گھی 0.38 فیصد اور ایک کلو گھی 0.23 فیصد کی کمی ہوئی۔
چکن کی قیمت میں 15.95 فیصد، انڈے 8.34 فیصد، چینی 1.97 فیصد، لانگ کلاتھ 1.74 فیصد، خشک دودھ 1.59 فیصد، گڑ 1.48 فیصد، دال چنا 0.94 فیصد، پرنٹڈ لان 0.77 فیصد، مٹن 0.62 فیصد، پکا ہوا گوشت 0.49 فیصد اور انرجی سیور کی قیمت میں 0.31 فیصد کا اضافہ ہوا۔
آٹا بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہے، یاد رہے کہ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔