بھارت کے معروف دفاعی تجزیہ کار پراوین سواہنے نے پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان حالیہ تصادم پر کھل کر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو جو نقصان پہنچایا ہے اس حوالے سے اس کے دعوؤں کو دُنیا مانتی ہے اور ہوا بھی وہی ہے جو پاکستان دعویٰ کررہاہے، پاکستان کی فوج اتنی مضبوط ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان نیوکلیئر وار تک نوبت ہی نہیں جائے گی۔
دی وائر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پراوین سواہنے نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ شروع ہوئے چند ہی گھنٹے ہوئے تھے کہ ہمارے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزراجے دوول نے فوری امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو، جاپان، سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، چین کے وزیر خارجہ، فرانس سے بات چیت کی ہے، بھارتی حکام بتائیں کہ وہ ان سب سے کیوں بات کر رہے ہیں،
ایک طرف آپ نے جارحانہ روّیہ اپنا ہوا ہے اور دوسری جانب ان ممالک سے رابطے کرکے آپ نے انتہائی کمزوری کا مظاہرہ کیا اور یہ دیکھا دیا کہ ہم لڑائی کرنا ہی نہیں چاہتے، اگر آپ لڑائی کے لیے تیار ہی نہیں تھے یہ جو کچھ کیا ہے یہ آپ کو نہیں کرنا چاہیے تھا۔
6 اور 7 مئی کو جو کچھ ہوا، 7 مئی کی صبح ہی پاکستان کے ایک افسر نے اپنے ائیر چیف محمد اورنگزیب احمد کو بلا کر ایک بریفنگ دی اور نقشہ دکھایا اور بتایا کہ ہم نے دشمن کے 5 طیاروں کو مار گرایا، لیکن جب دوسرے دن ہمارے ڈائریکٹر جنرل ایئرآپریشن بھارتی سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان جو دعویٰ کر رہا ہے کیا یہ سچ ہے؟ تو ان کا جواب حیران کن تھا کہ دیکھیے! جنگ میں نقصان تو ہوتا ہی ہے، یہ اہم ہے کہ ہمارے پائلٹ بحفاظت واپس آ گئے ہیں۔ پھر یہ بھی کہتے ہیں کہ آپریشن سندور چل رہا ہے۔
انہوں نے بھارتی ملٹری عہدیداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو اپنے نقصانات کا اعتراف کرنے کی جرات نہیں ہے تو دوسری جانب پاکستان جو دعوے کررہا ہے ان کو دُنیا مانتی ہے اور سچ یہ ہے کہ ہوا بھی وہی ہے جو پاکستان دعویٰ کر رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اس جنگ سے کچھ بھی حاصل نہیں کر پائے ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے تجزیے کے مطابق بھارت کا جو بین الاقوامی سطح پر اسٹینڈ تھا وہ بھی گر گیا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ پوری دُنیا دیکھ رہی ہے کہ ہم نے کون سی اپنی فوجی قوت دکھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ 2019 میں بالاکوٹ میں ہم نے جو کچھ کیا وہ بھی غلط تھا، اس وقت تو پاکستان کو یہ بھی علم نہیں تھا کہ بھارت ایسا کچھ کرنے والا ہے، وہ تیار نہیں تھے، اب کی بار تو وہ مکمل طور پر تیار تھے۔
انہوں نے کہا کہ نیوکلیئر پاور کی بات نہ ہی کریں تو بہتر ہے، ہم نے ہر جنگ میں دیکھا ہے کہ پاکستان کی فوج کمزور نہیں ہے، نیوکلیئر تک بات جائے گی ہی نہیں، ہمیں نے حملہ کرنا ہی نہیں چاہیے تھا اگر کر لیا تھا تو پھر سیز فائر کیوں کیا ہے، سیز فائر کا اعلان بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کر رہے ہیں۔
پراوین سواہنے نے مزید کہا کہ پاکستان نے تو سفارتی سطح پر کامیابی اور بھارت نے تو وہاں بھی نقصان اٹھایا، بھارت کے اس اقدام سے چین پاکستان کے مزید قریب آ گیا ہے، جس کا بھارت کو بڑا نقصان ہوگا۔
پاکستان نے جنگ میں ہتھیار بھی، میزائل بھی، اور کمیونیکیشن سسٹم بھی چین کا استعمال کیا، بھارتی افواج کا حال یہ ہے کہ بھارت کے پائلٹس نے جو بھی آپس میں بات کی اس کی پوری ریکارڈنگ پاکستان ایئر فورس نے عالمی میڈیا کو سنائی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج غلط فہمی رہیں کہ ہم انہیں طاقت دکھائیں گے، پاکستان میں بہت سے اندرونی مسائل ہوں گے، لیکن یہ بات ماننا پڑے گی کہ پاکستان کی فوج نے ہمیشہ ہمارا مقابلہ کیا ہے، وہ اتنے مضبوط ہیں کہ انہیں نیوکلیئرہتیھار چلانے کی ضرورت ہی نہیں ہے، وہ کبھی بھی نیوکلیئر حملہ نہیں کریں گے، وہ اگر ایسی کوئی دھمکی دیتے ہیں تو اپنی جغرافیائی بنیادوں اور ان کے تحفظ کے لیے کہہ رہے ہیں۔
پراوین سواہنے نے کہا کہ ہم 34 سال سے پراکسی وار میں ہیں، آپ دیکھنا چاہتے تھے غیر روایتی جنگ میں بھارت دُنیا ک دکھانا چاہتا تھا کہ ’ہم طاقتور ہیں‘ لیکن ایسا نہیں ہوا، اب تو امریکا بھی سوچے گا کہ کیا بھارت کی چین کے خلاف مدد کی جاسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوج نے خود اپنی بے شمار کمزوریاں دکھا دی ہیں، عالمی دُنیا کہہ رہی ہے کہ بھارت نے سب کچھ کھو دیا، امریکا بھی اب دیکھے گا کہ کیا بھارت کو چین کے مقابلے میں کھڑا کیا جانا چاہیے، پاکستان نے تو مسئلہ کشمیر کو بھی زندہ کر دیا ہے، بھارت کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ پراوین سواہنے نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں بلکہ ایک سرکس کیا جس پر دُنیا ہنس رہی ہے۔