علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی درخواست مسترد

علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی درخواست مسترد

راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی اجازت کی درخواست مسترد کردی ہے۔

ہفتہ کے روز انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے استغاثہ اور وکیل دفاع کے دلائل سننے کے بعد علیمہ خان کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ اس سے قبل عدالت نے علیمہ خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جس میں انہوں نے نمل یونیورسٹی کی جانب سے فنڈ ریزنگ کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے لیے ذاتی طور پر  عدالت میں پیش ہو کر بیرون ملک جانے کی درخواست دائر کی تھی۔

وکیل دفاع نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان نے صرف 3 ہفتوں کے لیے استثنیٰ کی درخواست کی اور اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ان کا نام عبوری قومی شناختی فہرست (پی این آئی ایل) سے نکالنے کے حکم کا حوالہ دیا۔ وکیل فیصل ملک نے مزید کہا کہ ابھی تک کیس کا چالان جمع نہیں کرایا گیا لہٰذا اس مرحلے پر ان کی ذاتی عدالت میں پیشی لازمی نہیں ہے۔ ایڈووکیٹ علی بخاری نے مزید کہا کہ عدالت اس سے قبل بھی اسی طرح کے مقدمات میں ریلیف دے چکی ہے۔

تاہم پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر 21 مئی کو سماعت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ طبی بنیادوں کے علاوہ ضمانت کی درخواست زیر التوا ہونے تک استثنیٰ نہیں دیا جاسکتا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ علیمہ خان اس وقت راولپنڈی میں درج 11 مقدمات کا سامنا کر رہی ہیں اور ان میں سے کسی میں بھی انہیں ضمانت نہیں دی گئی۔ استغاثہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے حالات میں ذاتی طور پر پیش ہونا لازمی ہے اور بیرون ملک سفر کی درخواست ناقابل قبول ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *