اسلام آباد، پشاور اور چارسدہ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں اتوار کے روز شدید آندھی، طوفان اور بارش نے نظامِ زندگی کو متاثر کر دیا۔
اسلام آباد میں تیز آندھی کے ساتھ گرج چمک اور ہلکی بارش سے موسم تو خوشگوار ہو گیا، مگر دوسری جانب پشاور اور گردونواح میں تیز آندھی اور طوفان کے باعث درجنوں درخت اور سائن بورڈز گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
پشاور کے امن چوک میں طوفانی ہواؤں سے سائن بورڈز اکھڑ گئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے بڑے درخت زمین بوس ہو گئے۔ افغان کالونی میں درخت گرنے سے دو خواتین معمولی زخمی ہوئیں، جبکہ بیگم شہاب الدین گرلز اسکول تحصیل کے قریب درخت گرنے کی اطلاع ملی ہے، تاہم زخمیوں کی تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ ریسکیو1122 پشاور کی ڈیزاسٹر ٹیم کو فوری طور پر درخت ہٹانے اور راستے کلیئر کرنے کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
ادھر چارسدہ کی تحصیل چارسدہ کے علاقے سور خٹکی نجیب آباد میں تیز ہواؤں کے باعث ایک دیوار گر گئی، جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچہ، حماد ولد سید رحمان شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کنٹرول روم نے ایمبولینس اور میڈیکل اسٹاف کے ہمراہ ٹیم روانہ کی، جس نے زخمی بچے کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا۔
ریسکیو1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق شدید آندھی اور طوفان کے باعث مختلف علاقوں میں درختوں اور بورڈز کے گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بجلی کی تاروں، کمزور درختوں اور دیواروں سے دور رہیں۔