دنیا بھر میں اپنی جارحانہ بیٹنگ کے حوالےسے مشہور پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے وادی لیپہ لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔
شاہد آفریدی جنہوں نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے جنگی جنون کی حمایت کرنے والے سابق انڈین کرکٹرز کو آئینہ دکھایا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر انہیں کرارا جواب دیا تھا۔
اب سابق مایہ ناز قومی کرکٹر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے وادی لیپہ پہنچ گئے اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
انہوں نے لیپہ کرکٹ گراؤنڈ میں نوجوانوں سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پرشاہد خان آفریدی نے کہا کہ میں وادی لیپہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنے یہاں آیا ہوں۔ جیسے آپ لوگوں نے دشمن کی جارحیت کا موثر اوربھرپور اور دلیری سے جواب دیا، وہ قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو اس سے بڑھ کرجواب دیا جائے گا۔ شاہد آفریدی کی لائن آف کنٹرول پر کھڑے ہو کر پراٹھے کھانے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہد آفریدی نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی اور انہیں’’ آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کی شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی تھی۔