صوبہ پنجاب پولیس کے جوانوں نے ’معرکہ بنیان مرصوص‘ پر افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپوراظہارِ یکجہتی کیا ہے، پنجاب پولیس اور پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے یومِ تشکر پر ولولہ انگیز مناظر دیکھنے کو ملے ہیں۔
’معرکہ بنیان مرصوص‘ کی کامیابی کی مناسبت سے یومِ تشکر کے موقع پر آئی جی پنجاب کی قیادت میں یادگارِ شہدا پر حاضری دی گئی، گلدستے پیش کیے گئے اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
پنجاب بھر میں قومی پرچم کشائی کی پروقار تقاریب، جذبہ حب الوطنی کا بے مثال مظاہرہ کیا گیا، پولیس افسران اور اہلکاروں کے پرچم اٹھائے ہوئے جلوس نکالے گئے، ’پاکستان زندہ باد ‘ کے نعرے بلند کیے گئے، مساجد میں قرآن خوانی اورافواجِ پاکستان و شہدا کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پولیس افسران کی جانب سے شہدا کے گھروں کا دورہ، لواحقین سے عقیدت کا اظہار کیا گیا جہاں آئی جی پنجاب نے اپنی گفتگو میں کہا کہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، شہداء ہمارے ماتھے کا فخر ہیں، یومِ تشکر پرعوام اورپولیس ایک صف میں، نعرۂ تکبیراور پاکستان زندہ باد سے فضا گونج اُٹھی؎
پنجاب پولیس نے ثابت کر دیا کہ یہ قوم اپنے شہدا اور محافظوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، یومِ تشکر صرف ایک دن نہیں، بلکہ دشمن کے لیے واضح پیغام ہے کہ یہ قوم اپنے محافظوں پر جان نچھاور کرنے کو ہمہ وقت تیار ہے۔