اسلام آباد. اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ممکنہ تحریک عدم اعتماد کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو چیلنج کر دیا ہے۔
پارلیمنٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران ایاز صادق نے کہا کہ سنا ہے میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جا رہی ہے، جو دوست یہ شوق پورا کرنا چاہتے ہیں وہ ضرور کر لیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بہت سے اراکین خود اس تحریک کا ساتھ نہیں دیں گے۔ میں بطور اسپیکر سب کا خیال رکھتا ہوں، اور اگر تحریک آ بھی گئی تو ان کے اپنے لوگ ساتھ نہیں دیں گے۔ اپنے کردار سے میں مطمئن ہوں، بطور اسپیکر میرا کردار سب کے سامنے ہے۔
واضح رہے کہ آج یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غور کر رہی ہے، تاہم پی ٹی آئی نے ان خبروں کی تردید کر دی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بیان دیا کہ پارٹی کی جانب سے ایسی کوئی تحریک لانے کا ارادہ نہیں، اور انہیں چیئرمین عمران خان کی طرف سے ایسی کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی۔