امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا بھارت میں قائم ٹریول ایجنسیوں کے مالکان اور دیگر عملے پر ویزا پابندیاں عائد کر رہا ہے جن کے بارے میں امریکا کو یقین ہے کہ وہ جان بوجھ کر امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کو سہولت فراہم کرتے ہیں۔
محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت میں امریکی مشن کی جانب سے جمع کردہ معلومات کی بنیاد پر امیگریشن اور قومیت ایکٹ کے تحت بھارت میں ٹریول ایجنسیوں سے وابستہ نامعلوم افراد کی ایک بڑی تعداد پر ویزا پابندی عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اکثر اس طرح کے افراد کے نام شائع کیے بغیر ویزا پر پابندی عائد کرتا ہے۔ ٹیمی بروس نے کہا کہ ہم غیر ملکی اسمگلنگ نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے ٹریول ایجنسیوں کے مالکان، ایگزیکٹوز اور سینیئر عہدیداروں کے خلاف ویزا پابندیاں عائد کرنے کے اقدامات جاری رکھیں گے۔
یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا میں تارکین وطن کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن اور ملک میں غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کی کوششوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے نے اپنی سوشل میڈیا سائٹس پر بار بار امریکا کا دورہ کرنے والے بھارتی شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں اپنے قیام کی مقررہ مدت سے زیادہ قیام نہ کریں اور متنبہ کیا ہے کہ ایسا کرنے پر انہیں ملک بدری اور ملک میں داخل ہونے پر مستقل پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔