پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختو نخوا نےپاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) حکومت کے پے در پہ کھربوں روپے کے کرپشن سکینڈلز اور صوبے کی بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورت حال کے خلاف 26 مئی سے ’صوبہ بچاؤ تحریک‘ چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری گوہر انقلابی، طاہر عباس اور پی پی پی کے دیگر رہنماؤں جن میں پی ایس ایف کے لیڈر بھی شامل تھے، کہا کہ اول تو ہم افواج پاکستان کو بھارت کے خلاف بھرپور کارروائی پر مبارکباد اور سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو، جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور شہید بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے میزائل ٹیکنالوجی کو ترقی دی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے عالمی قوتوں کے سامنے پوری دنیا میں پاکستان کا مقدمہ لڑا اور اس وقت بھی پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں قائم پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جن کی یہ صوبے میں تیسری حکومت ہے، نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے، ماضی میں مالم جبہ سکینڈل اور بی آر ٹی سکینڈل نمایاں تھے جس پر احتسابی اداروں نے ابھی تک خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی خاموشی کا فائدہ اٹھا کر آج پاکستان تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا کی حکومت کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے اور کھربوں روپوں کے سکینڈل سامنے آرہے ہیں۔ یہ سکینڈل ہم نہیں میڈیا ہی ان کی نشاندہی کر رہا ہے اور جب یہ سامنے آتے ہیں تو وزیر اور مشیر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور پر الزام لگاتے ہیں اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اپنے وزرا پر ان سکینڈلز کا الزام لگاتے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس حمام میں سب ننگے ہیں۔
گوہر انقلابی نے کہا کہ چاہیے تو یہ تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور صوبے میں امن و امان قائم کرتے اور خیبر پختونخوا کے حقوق کے لیے مرکز کے سامنے بیٹھ کر بات کرتے ہیں لیکن نہ تو وہ اپوزیشن سے بات کرنے کے موڈ میں ہے اور نہ صوبے کے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں وہ اس وقت صرف اور صرف کرپشن میں مصروف ہیں اور اپنی جیبیں بھر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر قبائلی علاقے پر نظر ڈالی جائے تو امن و امان کی صورتحال اتنی خراب ہے کہ جنوبی اضلاع میں سر شام تھانے بند کر دیے جاتے ہیں اور عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پی ٹی ائی کی کرپٹ حکومت کو کھڈے لائن لگایا جائے اور عوامی طاقت سے ایک منتخب حکومت لائی جائے تاکہ عوام کو کرپشن سے نجات دلائی جائے اور قبائلی اضلاع میں امن و امان قائم ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں تو ایسے محسوس ہو رہا ہے کہ وفاق نے خیبر پختنخوا کی حکومت ٹھیکے پر دے رکھی ہے اور گزشتہ ڈیڑھ سال سے وفاق نے خیبر پختونخوا کے عوام کو کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی ان کا کوئی پوچھنے والا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہماری تحریک میں غریب مزدور اور پی ٹی ائی کی جانب سے بےروزگار ہونے والے 16 ہزار ملازمین بھی شرکت کریں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ 26 مئی کو ان شا اللہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے عوامی طاقت سے دمادم مست قلندر ہوگا اور چور اور ڈاکوؤں کو عوامی کٹہرے میں لایا جائے گا۔