چین کی پاکستان کوعلاقائی سالمیت کے مکمل تحفظ کی یقین دہانی

چین کی پاکستان کوعلاقائی سالمیت کے مکمل تحفظ کی یقین دہانی

چین نے پاکستان کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ یقین دہانی چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے چین کے دورے پر آئے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک چین دوستی کی اعلیٰ مثال: ملک کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین پاکستان اور بھارت کی جانب سے اپنے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے اور جامع اور دیرپا سیز فائر  کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔

قبل ازیں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی اور پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری اور آہنی دوستی کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر یکساں خیالات پر اطمینان کا اظہار کیا اور علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے دوطرفہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس کے علاوہ فریقین نے جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال، پاک چین دوستی اور سی پیک 2.0 پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا کہ قریبی رابطے برقرار رکھنے کے علاوہ، دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صنعت کاری اور دیگر شعبوں میں مزید تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی بھارت کے ساتھ 80 گھنٹوں پر مشتمل لڑائی کے بعد پاکستان نے چین سمیت دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا تھا کہ انہوں نے اس تصادم کے خاتمے کے لیے امن کی کوششوں کی حمایت کی جس میں ایک درجن سے زیادہ سیکیورٹی جوانوں سمیت 50 سے زیادہ افراد شہید ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں:خلا میں بھی دوستی نبھائیں گے، چین کا پاکستان کے لیے بڑا اعلان

پاکستان اور بھارت نے 10 مئی کو 4 دن تک سرحد پار ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد تقریباً 3 دہائیوں میں اپنی بدترین کارروائی روک دی تھی۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خطے میں دیرپا امن کے حصول کے لیے مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل پر زور دیا۔

تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا

بیجنگ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا خیرمقدم کرتے ہوئے چین کے وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان کو آہنی دوست اور ہر موسم میں اسٹریٹجک پارٹنر سمجھتا ہے۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو تعاون کی نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے پختہ مؤقف کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ وزیر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آہنی برادر کی حیثیت سے چین ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور ترقی کی حمایت کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں:گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاک چین دوستی کی اعلیٰ مثال ہے: وزیراعظم

فریقین نے پاک چین تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، آئی سی ٹی، زراعت، صنعت کاری اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم کیا۔

فریقین نے علاقائی رابطوں اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے لئے سی پیک کی اہمیت پر زور دیا اور سی پیک کے دوسرے مرحلے کی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشترکہ تعاون کے ابھرتے ہوئے مواقع پر بھی روشنی ڈالی، دونوں رہنماؤں نے خطے اور اس سے باہر امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے کثیر الجہتی فورمز سمیت تمام سطحوں پر قریبی رابطے اور ہم آہنگی برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *