پنجاب بھر میں آج موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے جس کے باعث کسی بھی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر شہریوں کو بروقت طبی امداد پہنچانے کے لیے ریسکیو 1122 کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے الرٹ جاری کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں آج جمعرات کو شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متاثرہ اضلاع کے انتظامی حکام کو الرٹ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شدید گرمی سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ایک بیان میں مریم نواز نے ہدایت کی کہ بچے، بزرگ اور مریض شدید گرمی کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ شدید موسمی حالات کے پیش نظر مویشیوں کے لیے مناسب سایہ اور پانی کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ شدید گرمی کے دوران پرندوں کے لیے چھتوں پر ٹھنڈا پانی دستیاب رکھیں۔ ہیٹ ویوز کے پیش نظر تمام سرکاری اور نجی اداروں کو تاحکم ثانی اوپن ایئر سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ مزید برآں، اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کلاس رومز میں پنکھوں کو فعال رکھیں اور طالب علموں کے لیے لچکدار ڈریس کوڈ اپنائیں تاکہ انہیں زیادہ درجہ حرارت سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔
مزید برآں حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسکولوں اور دیگر اداروں میں فرسٹ ایڈ بکس کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ بازاروں میں جہاں بھیڑ ہوتی ہے، سایہ دار علاقے، واٹر کولر، فرسٹ ایڈ کاؤنٹر اور او آر ایس ملا ہوا پانی فراہم کیا جائے گا تاکہ خریداروں میں گرمی سے متعلق بیماریوں کو روکنے میں مدد مل سکے۔
متاثرہ اضلاع میں ریسکیو 1122 اور ہیلتھ سروسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ بس اور ویگن اسٹینڈز سمیت نقل و حمل کے مراکز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسافروں کے لیے سایہ، پانی اور فوگ والے پنکھے فراہم کریں۔
ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں کاشتکاروں کو خصوصی طور پر مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہیٹ ویو کے منفی اثرات سے فصلوں اور مویشیوں کو بچانے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔