اسلام آباد – سینئر صحافی و اینکر پرسن محمد مالک نے اپنے پروگرام میں انکشاف کیا ہے کہ بلوچستان میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے خلاف باقاعدہ فوجی آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق بعض مقامات پر دہشت گردوں کو میزائل حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔
محمد مالک نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں ہنگامی صورتحال نافذ کرنے کے اقدامات بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ ان کے مطابق، بھارت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیزی اور پراکسی تنظیموں کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں، جس کے پیش نظر یہ اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔
ملک کی سیاسی صورتحال پر تجزیہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت قومی معاملات پر تقسیم کا شکار دکھائی دیتی ہے، اور ہر رہنما اپنے طور پر مختلف مؤقف اپنا رہا ہے۔ محمد مالک نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کنفیوژن اور مایوسی کا شکار ہے۔