سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے جمعرات کو عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے غیر لائسنس یافتہ آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز پر سرمایہ کاری سے گریز کریں جو غیر حقیقی اور بہت زیادہ منافع کا لالچ دیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایس ای سی پی نے کہا کہ ہم عوام کو ایسے آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز سے خبردار کر رہے ہیں جو دھوکہ دہی کے ذریعے غیر حقیقی اور غیر معمولی منافع کے جھوٹے وعدے کرتے ہیں۔
کمیشن کے مطابق انٹرایکٹو بروکرز گروپ (آئی بی کے آر)، آئی جی آئی ایل سیکیورٹیز کنٹری، بی ایم اے کیپٹل نمبر 108/بی ایم اے سی گلوبل پرو، ڈبلیو ٹی آئی سی ورلڈ ٹاپ کمپٹیشن اور ایویوا سیکیورٹیز جیسے پلیٹ فارمز پاکستان میں لائسنس یافتہ نہیں ہیں۔
اپنی حفاظت کے لیے صرف ایس ای سی پی کے منظور شدہ بروکرز کے ذریعے سرمایہ کاری کریں۔ آپ کی مالی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔ سرمایہ کاری سے قبل تصدیق کرنا ضروری ہے!
ایس ای سی پی نے خبردار کیا کہ فراڈی اب سوشل میڈیا پر جعلی قرضہ اسکیموں کے ذریعے عوام کو بہکانے کی کوشش کررہے ہیں، یہ لوگ اسپانسرڈ اشتہارات کے ذریعے ’فوری اور بغیر سودی قرضے کا جھانسہ دیتے ہیں اور معتبر اداروں کے نام استعمال کرکے اپنی جعلی ساکھ ظاہر کرتے ہیں ۔
ایس ای سی پی کے مطابق یہ دھوکے باز پہلے مختلف فیسیں جیسے پراسیسنگ اور رجسٹریشن کے نام پر رقم وصول کرتے ہیں یا حساس ذاتی معلومات حاصل کرکے بغیر کوئی قرضہ دیے غائب ہوجاتے ہیں۔
ایس ای سی پی نے کہا کہ ایسے فراڈیوں کے جھانسے میں نہ آئیں! فوری کارروائی کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو رپورٹ کردیا گیا ہے۔
ہمیشہ مالی پیشکشوں کی تصدیق کریں! صرف لائسنس یافتہ کمپنیوں اور منظور شدہ قرضہ ایپس کی فہرست کے لیے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ چیک کریں۔
گزشتہ ماہ ایس ای سی پی نے عوام کو قیوٹیکس بروکر (Quotex) کے غیر قانونی اور غیر مجاز پلیٹ فارم کے ذریعے سرمایہ کاری سے خبردار کیا، جو خاص طور پر پاکستانی سرمایہ کاروں کو نشانہ بنا رہا ہے اور جسے اس کی ویب سائٹ qxbroker.com اور گوگل پلے اسٹور کی موبائل ایپ کے ذریعے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق قیوٹیکس بروکر پاکستان میں کام کرنے کا مجاز نہیں ہے اور اسے متعدد بین الاقوامی ریگولیٹرز نے غیر قانونی کارروائیوں کے باعث خبردار کیا ہے۔