کراچی سے لاہور آنے والی نجی ائیرلائن کی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔
کراچی سے لاہور آنے والی نجی ائیر لائن کی پر واز علامہ اقبال ائیر پورٹ پر طوفان کی زد میں آ گئی، پرواز کئی منٹ تک آندھی کی زد میں رہی۔
طیارے کو طوفان کے باعث شدید جھٹکے لگے جس کے باعث مسافروں کی چیخیں نکل گئیں۔ نجی ائیر لائن کی پرواز 842کراچی سے لاہور کے لئے روانہ ہوئی تاہم پرواز شدید طوفان کی زد میں آ گئی جس کی وجہ سے طیارے کو خوفناک جھٹکے لگنا شروع ہو گئے۔
اچانک صورتحال پیدا ہونے سے مسافروں کی چیخیں نکل گئیں اور انہوں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا۔اس پرواز میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر بھی موجود تھے۔اس موقع پر پائلٹ نے بڑی مہارت سے طیارے کو واپس اڑایا، ائیر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو کراچی واپس بھیج دیا۔
اب لاہور ائیرپورٹ پر پروازوں کی اجازت مل گئی ہے، اسلام آباد میں بھی فلائٹ آپریشن متاثر ہوا جس کی وجہ سے کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔