امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ویسٹ پوائنٹ ملٹری اکیڈمی کے گریجویشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی فوج کو دوبارہ منظم اور طاقتور بنانے کا کریڈٹ اپنی حکومت کو دیا۔
میشی اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے کیڈٹس کو ان کی تعلیمی اور جسمانی کامیابیوں پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ چند لمحوں میں آپ انسانی تاریخ کی سب سے باوقار اور معزز فوجی اکیڈمی کے گریجویٹس بننے جا رہے ہیں اور دنیا کی سب سے طاقتور فوج کے افسران کی صف میں شامل ہوں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں یہ فوج کتنی طاقتور ہے، کیونکہ میں نے ہی اسے ازسرِ نو تعمیر کیا ہے۔ اپنے پہلے دورِ صدارت میں ہم نے امریکی فوج کو پہلے سے کہیں زیادہ بہتر، مضبوط اور جدید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا سنہری دو ر واپس لایا جائے گا اور فوج کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کر کے دنیا کی سب سے منظم فوج بنایا جائے گا۔
خطاب کے دوران امریکہ کے صدر نے اپنے حالیہ سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کے دورے کو انتہائی کامیاب قرار دیا، اور کہا کہ ان ممالک کے رہنماؤں سے مثبت اور تعمیری ملاقاتیں ہوئیں۔
تقریب کے دوران ایک خاص لمحے میں ٹرمپ نے کیڈٹ ’کرس ورڈوگو‘ کو اسٹیج پر بلایا اور اسکی غیر معمولی جسمانی صلاحیت کی تعریف کی۔