سیالکوٹ شہر میں ایک غیر معمولی صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب ریلوے پھاٹک کی چابی پھنس جانے سے پھاٹک کے دروازے بند ہو گئے اور دوبارہ کھل نہ سکے۔
ٹرین کے گزرنے کے وقت معمول کے مطابق پھاٹک کو دونوں اطراف سے بند کیا گیا تھا، تاہم تکنیکی خرابی کے باعث دروازے کھولے نہ جا سکے، جس کے نتیجے میں شہر کے مرکزی علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہو گیا۔
پھاٹک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، اور شہری کئی گھنٹوں تک سڑکوں پر پھنسے رہے۔ شدید گرمی کے دوران یہ صورتحال مزید اذیت ناک بن گئی، جہاں بزرگ، خواتین اور بچے سخت پریشانی کا شکار نظر آئے۔
شہریوں نے اس افسوسناک واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی غفلت دوبارہ نہ دہرائی جائے۔