کویت نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں پر عائد پابندی ختم کر دی جس کے تحت اب پاکستانیوں کو ورک، فیملی، وزٹ، سیاحتی اور کمرشل ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان مسلم لیگ ق اور وزارت اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن مصطفیٰ ملک کے مطابق یہ اقدام وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کی کوششوں کا نتیجہ ہے ، جن کی قیادت میں پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کے لیے عالمی دروازے کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔
اس فیصلے سے ہزاروں پاکستانیوں کو کویت میں روزگار، کاروبار اور سیاحت کے مواقع میسر آئیں گے،اس کے نتیجے میں ملک کے لیے قیمتی زرِ مبادلہ حاصل ہوگا۔
مئی 2025 میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان بھی ایک اہم ایم او یو پر دستخط ہوئے، جس کے تحت اٹلی پاکستانی ورک فورس کو سالانہ کوٹے کے تحت روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔
اٹلی کے بعد پاکستان کا بیلا روس کے ساتھ بھی ہنر مند افرادی قوت کی تربیت اور ورک ویزوں سے متعلق تاریخی معاہدہ طے پا چکا ہے،عرب ممالک بھی پاکستانی ہنرمندوں میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی ورک فورس کے لیے دروازے کھلنے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ کویتی دینارکا شمار دنیا کی سب سے مضبوط کرنسیوں میں ہوتا ہے،اس وقت ایک دینارکی قیمت تقریباً 914 روپے کے برابر ہے۔