بھارتی جارحیت کو بے نقاب کرنے کے لیے آئی ایس پی آر نے بروقت اور ذمے داری سے ناقابلِ تردید شواہد پیش کیے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا نے نام نہادآپریشن سندور کے دوران مودی کے جھوٹ پر مبنی خبریں اور گمراہ کن مواد پھیلایا، گودی میڈیا نے علاقائی استحکام کو نقصان پہنچا کر عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو مزید کمزور کر دیا، این ڈی ٹی وی، نیوز 18 اور دیگر کئی گودی میڈیا چینلز نے جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی چینلز نے جھوٹا دعویٰ کرتے ہوئے پاکستان کے ایف 16 اور دو F-17 طیارے مار گرائے اور پاکستانی پائلٹ کو بھی گرفتار کیا، یہ سرخیاں پرائم ٹائم میں چلیں اور سٹوڈیوز میں موضوع بحث بنی رہیں،بین الاقوامی میڈیا بشمول رائٹرز سمیت، فیکٹ چیک اداروں نے بھارتی میڈیا کے دعووں کو جھوٹا ثابت کر دیا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کر کے ڈیپ فیک ویڈیوز بھی بنائی گئیں، ڈیپ فیک ویڈیوز میں یہ تاثر دیا گیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر طیاروں اور پاکستان کے نقصانات سے متعلق آگاہی دے رہے ہیں، یہ وڈیوز سراسر جھوٹ پر مبنی تھیں جس کو بین الاقوامی میڈیا نےفیکٹ چیک کر کے مودی کے جھوٹ کا پردہ فاش کیا، گودی میڈیا کی جانب سے حقیقت، افسانہ، اور ڈرامے کی لکیر مکمل طور پر مٹ چکی ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ ایک سنسنی خیز افواہ یہ بھی اڑائی گئی کہ پاکستان کے جوہری ذخائر پر میزائل حملہ کیا گیا، مگر یہ افواہ بھی تھوڑی دیر بعد دم توڑ گئی، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی(IAEA) نے مودی کے جھوٹے بیانیے کو زمین بوس کرتے ہوئے گودی میڈیا کی خبروں کو جھوٹا قرار دےدیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی بحریہ نے کراچی بندرگاہ کو تباہ کرنے کا بھی ڈرامہ کیا مگر نہ اس کی سیٹلائٹ تصویر فراہم کی نہ کوئی بین الاقوامی تصدیق کی یا ثبوت پیش کیا، بھارتی میڈیا کی جانب سے شور مچایا گیا جو قوم پرستی کو ہوا دینے کے لیے پیدا کیا گیا، بھارتی میڈیا نے پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے خلاف اندرونی بغاوت کی من گھڑت کہانی بھی بنا ڈالی۔
سیاسی ماہرین کاکہنا ہے کہ بھارتی میڈیا نے اپنی حکومت کو انٹیلیجنس کی سنگین ناکامی اور حفاظتی خامیوں پر جواب دہ ٹھہرانے کی بجائے جھوٹ کا ساتھ دیا، بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو ریاستی پروپیگنڈا بنا کر پیش کیا گیا اور گودی میڈیا نے عوام کو بدلےکے مطالبے پر اکسایا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بھارتی جنگی جنون کے جواب میں پاکستان نے پیشہ ورانہ سنجیدگی اور حکمت کے ساتھ جواب دیا، پاکستان کے صاف شفاف تحقیقات کے مطالبے کو بھی مودی کی جانب سے مسترد کیا گیا، پاکستان نے محض حقائق پر زور دیا جس کی قیادت آئی ایس پی ار نے کی، ڈی جی آئی ایس پی آر، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سینیئر احکام کے ساتھ بروقت تفصیلی پریس بریفنگ دیتے رہے۔
دفاعی ماہرین کاکہنا ہے کہ پریس بریفنگ میں ریڈار لاگز، سیٹلائٹ تصاویر، پروازوں کا ڈیٹا اور جسمانی شواہد بھی پیش کیے گئے، پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا جبکہ اپنی تیاری سے منہ توڑ جواب دیا، بھارتی جھوٹے دعووں کو آئی ایس پی آر نے ٹھوس شواہد سے مسترد کیا۔
آئی ایس پی آر نے بین الاقوامی میڈیا کو مبینہ حملے کی جگہوں تک رسائی بھی دی، پہلگام واقعے کے بعد آئی ایس پی آر کی بریفنگ، واضح پیغام تھا کہ جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور دفاع کریں گے ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر کوئی خلاف ورزی ہوئی یا پاکستان پہ جارحیت کی گئی تو ہمارا رد عمل یقینی فوری اور تباہ کن ہوگا۔
سیاسی ماہرین کاکہنا ہے کہ پاکستان نے صرف اپنی عوام نہیں بلکہ عالمی برادری کو بھی ٹھوس ثبوت پیش کئے، پاکستان کا بین الاقوامی مبصرین کو خوش آمدید کہنا اور تیسرے فریق سے تحقیقات کی دعوت دینا ایک سنجیدہ اور ذمہ دار قدم ہے، آج کے ہائبرڈ وار فیئر کے دور میں فیک نیوز ایک ہتھیار بن چکی ہیں ،جھوٹے نظریاتی بیانیے اصل حقائق کو مسخ کر سکتی ہے اور فیصلے دھندلے کر سکتی ہیں جو بھارت نے کیا۔
دفاعی ماہرین کاکہنا ہے کہ بھارت نے جعلی جھوٹی خبروں اور اشتعال انگیزی سے تنازع کو بھڑکانے کی ناکام کوشش جاری رکھی، پاکستان نے بہترین حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ انداز میں سچائی کو اجاگر کیا، بین الاقوامی مبصرین نے پاکستان کے معلوماتی نظم و ضبط اور ذمہ دارانہ موقف کی تعریف کی۔