راولپنڈی۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز تہران کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف، میجر جنرل محمد باقری نے ملاقات کی۔ دونوں فوجی رہنماؤں نے دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا۔
باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں میں فوجی تعاون میں اضافہ، مشترکہ سرحد پر سیکیورٹی میکانزم کو بہتر بنانا، اور سرحدی علاقوں کو تجارتی و اقتصادی رابطوں کے زونز میں تبدیل کرنے کی راہیں تلاش کرنا شامل ہیں، جن سے علاقائی استحکام اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔
فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جس میں ایرانی مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
اس سے قبل آرمی چیف نے وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ ایران کے سپریم لیڈر، آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای، اور ایران کے صدر، مسعود پیشکیان سے ملاقات کی۔ آرمی چیف ترک، ایران اور آذربائیجان کے سرکاری دورے پر ہیں اور وزیراعظم کے وفد کے ہمراہ تینوں دوست ممالک کا دورہ کر رہے ہیں۔