وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ایک بار پھر بھارت کوخطے میں قیام امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے، تنازع کشمیرسمیت تمام مسائل کے حل کے لیے بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے میز پر بیٹھنے کے لیے تیار ہیں، بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، اس لیے ایسا بندوبست کر رہے ہیں کہ بھارت معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرسکے۔
منگل کو آذربائیجان میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ مشترکہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی اولین ترجیح امن کا پیغام ہے لیکن اگر کوئی ہماری سالمیت کو چیلنج کرےگا تو ہم اپنا بھرپور دفاع کریں گے۔
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں فالس فلیگ کے بعد پاکستان پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کا بغیر کسی ثبوت کے الزام پاکستان پر عائد کیا، پاکستان نے فوری غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیش کش کی جس کا بھارت نے منفی جواب دیا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی روّیہ خطے میں امن کے قیام کے لیے سنگین خطرہ بنا ہوا ہے، ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں، پاکستان کے امن کی خواہش کے باوجود بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی، پاکستان اپنے دفاع میں ایسے اقدامات کر رہا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان سہ فریقی تعاون کو نئی بلندیوں کی جانب لے جا رہے ہیں۔ آذربائیجان نے لڑ کر آزادی حاصل کی اور قوموں کی برادری میں اپنا مقام بنایا، ترکیہ نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ تینوں ممالک کی شراکت داری مثالی ہے، جسے ہمیشہ کے لیے جاری رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں فلیڈ مارشل عاصم منیر نے کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے پاک بھارت جنگ کو فرنٹ سے لیڈ کیا ہے، پاکستان کے عوام اپنی افواج کی پشت پر کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کیخلاف بھارتی جارحیت کے دوران ترکیہ اور آذربائیجان کی غیر متزلزل حمیات اورتعاون پر شکریہ ادا کیا۔
آذر بائیجان کا پاکستان میں 2 ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی جانب سے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستان، ترکیہ اورآذربائیجان سہ افریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آذربائیجان کے صدرالہام علیوف نے کہا کہ آذر بائیجان ، پاکستان اور ترکیہ مشترکہ تاریخ اور ثقافت میں بندھے اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔