محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا ، شمال مشرقی/جنوبی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر ، گلگت بلتستان ، شمال مشرقی بلوچستان اور حید ر آباد میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔