واٹس ایپ نے صارفین کی رازداری کو مزید بہتر بنانے کیلئے نیا اور اہم فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت صارفین اپنی مرضی کا منفرد ’یوزر نیم‘ بنا سکیں گے۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق یوزر نیم فیچر کی مدد سے صارفین بغیر اپنا فون نمبر شیئر کئے دوسروں سے رابطہ قائم کر سکیں گے، یہ خصوصاً اُن افراد کیلئے فائدہ مند ہوگا جو کسی اجنبی یا کاروباری اداروں سے رابطے میں رہتے ہیں۔
اس نئے فیچر کے تحت ہر صارف کو ایک منفرد یوزر نیم منتخب کرنے کا موقع ملے گا، جو حروف اور اعداد پر مشتمل ہوسکتا ہے۔
یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کرنے کی صورت میں صارفین کو اپنا فون نمبر ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جس سے ان کی پرائیویسی برقرار رہے گی، صارفین صرف یوزر نیم کے ذریعے دوسروں کو تلاش کرسکیں گے، جس سے رابطے کا عمل مزید آسان ہوجائے گا۔
یہ فیچر فی الحال عام عوام کیلئے دستیاب نہیں ہوگا جبکہ مستقبل میں اس کی دستیابی واٹس ایپ کی موبائل ایپلیکیشنز پر بھی متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق واٹس ایپ کا یہ نیا یوزر نیم فیچر صارفین کی رازداری کے تحفظ کی جانب ایک مثبت اور مؤثر قدم ہے، اس سے نہ صرف رابطہ قائم کرنے کا عمل آسان ہوگا بلکہ صارفین کو اپنی ذاتی معلومات کو محفوظ رکھنے کا بھی مکمل اختیار حاصل ہوگا۔