انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے زیراہتمام ملک گیر تعلیمی پروگرام ’ہلال ٹاکس 2025 ‘ کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے، جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے 1,950 اساتذہ کرام شریک ہیں۔ پروگرام کا مقصد تعلیمی ماہرین کو پاکستان کے سیکیورٹی ماحول، سوشل میڈیا پر درپیش چیلنجز اور دشمن عناصر کی پروپیگنڈا مہم سے آگاہ کرنا ہے۔
افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے قومی سلامتی، ففتھ جنریشن وار فیئر اور تعلیمی کردار کے تناظر میں مدلل اور معلوماتی بریفنگ پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’تعلیم یافتہ طبقہ سوشل میڈیا کے میدان میں دشمن کے پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دے سکتا ہے‘۔
شرکا نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے خیالات کو انتہائی متاثر کن اور بصیرت افروز قرار دیا۔ پروگرام میں ملک کی نامور جامعات کے اساتذہ نے شرکت کی اور گفتگو کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
اسسٹنٹ پروفیسر، نسٹ ڈاکٹر سندس مستقیم کا کہنا تھا ’یہاں مختلف شعبہ جات کے ماہرین سے سیکھنے کا موقع ملا، پروگرام نے نظریاتی اور تدریسی افق کو وسعت دی ہے’۔
ڈاکٹر عبدالقدوس صوہیب ڈائریکٹر، بی زیڈ یو نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان اور دہشتگردی پر جو تفصیلی گفتگو کی، وہ بہت مدلل اور متاثر کن تھی۔ ہم ان کے مؤقف سے مکمل متفق ہیں‘۔
کنئیرڈ کالج فار وومن کے ڈاکٹر سرینہ احسان نے کہا کہ ’ففتھ جنریشن وار فیئر اور سوشل میڈیا کے موضوع پر دی گئی معلومات ہمارے لیے نہایت قیمتی رہیں‘۔
ڈائریکٹر، قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ایم نبی اللہ نے کہا کہ ’فوج سے براہِ راست بات چیت کا موقع ملا، جس سے ہماری کئی غلط فہمیاں دور ہوئیں‘۔
لیکچرار، یونیورسٹی آف گوادر فرح فیصل نے سوشل میڈیا کی منفی سرگرمیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں بتایا گیا کہ کس طرح سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں تاکہ قوم کو گمراہ کیا جا سکے‘۔
آزاد کشمیر یونیورسٹی کے ڈاکٹر امتیاز اعوان نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے پاکستان کا بیانیہ بہترین انداز میں ہم تک پہنچایا‘۔
گوہر مسعود یونیورسٹی آف سیالکوٹ نے کہا کہ ’یہ ایک زبردست قومی اقدام ہے، تمام اداروں کو مل کر اس کی حمایت کرنی چاہیے‘۔
قائداعظم یونیورسٹی کی ڈاکٹر عائشہ زبیر نے کہا کہ ’آئی ایس پی آر نے قومی سطح پر تعلیمی دماغوں کو ہم آہنگ کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے‘۔
یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کی ڈاکٹر عمارہ طارق نے پاک فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’ ہم نے ہمیشہ فوج کی فولادی طاقت کو محسوس کیا ہے اور کرتے رہیں گے‘۔
اساتذہ کرام نے ’ ہلال ٹاکس‘ پروگرام جیسے علمی و فکری پروگرامز کے تسلسل پر زور دیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے سیشنز کا انعقاد کیا جائے تاکہ معاشرے میں فکری بیداری اور قومی یکجہتی کو فروغ ملے۔