لاہور۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور پنجاب ایجوکیشن انیشی ایٹیوز مینجمنٹ اتھارٹی نے پارٹنر اسکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ کی تنخواہوں میں بڑے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے بعد اب ان اساتذہ کو ماہانہ بیس ہزار روپے تنخواہ دی جائے گی، جو موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بھی جاری رہے گی۔
اس سے قبل ان اسکولوں کے اساتذہ کو ماہانہ پانچ ہزار سے آٹھ ہزار روپے تک تنخواہ دی جاتی تھی اور اکثر ان کی تنخواہیں گرمیوں کی تعطیلات میں روک لی جاتی تھیں۔ تاہم اب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں کہ تمام پارٹنر اسکولوں کے اساتذہ کو تعطیلات کے دوران بھی مکمل 20 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ ادا کی جائے۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی انتظامیہ گرمیوں کی چھٹیوں میں بھی پارٹنر اسکولوں کا معائنہ جاری رکھے گی تاکہ اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
اگر کسی اسکول میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر یا عدم ادائیگی کی شکایت سامنے آئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانہ یا شراکت داری کا خاتمہ شامل ہے۔
تمام پارٹنراسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اساتذہ کی تنخواہوں کے تمام ریکارڈز کو آن لائن محفوظ رکھیں۔ سرکاری حکام کے مطابق پنجاب بھر میں 10 ہزار سے زائد پارٹنراسکول کام کر رہے ہیں جن میں تیس ہزار سے زائد اساتذہ مستقل بنیادوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔