راولپنڈی ۔ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیاں کیں جن میں بھارتی پروکسی فتنہ الہندوستان کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لورالائی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ یہ کارروائی دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں پانچ بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد مارے گئے۔
آپریشن کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ یہ دہشت گرد 26 اگست 2024 اور 18 فروری 2025 کو ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں میں براہ راست ملوث تھے۔
ان کارروائیوں میں 26 اگست کو قومی شاہراہ این-70 اور 18 فروری کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں 13 معصوم شہریوں کو شہید کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے اور سیکیورٹی فورسز ان کی گرفتاری کے لیے پوری تندہی سے ان کے تعاقب میں تھیں۔
لورالائی میں مارے جانے والے دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی ضلع کیچ میں کی، جس کے دوران بھی ایک دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کے وطن عزیز سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے غیر متزلزل قومی عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔