راولپنڈی ۔ چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آرمی آڈیٹوریم میں منعقدہ ہلال ٹاکس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ یہ سیشن بین الاقوامی، علاقائی اور قومی امور پر محیط انٹرایکٹو سیشنز اور گروپ مباحثوں پر مشتمل ہے۔
ٓآئی ایس پی آر کے مطابق ہلال ٹاکس کا مقصد پاکستانی اکیڈیمیا کے درمیان خیالات کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ اس فورم میں ملک بھر سے تقریباً 1800 تعلیمی شخصیات نے شرکت کی، جو کہ قومی ترقی میں تحقیق، جدت اور رائے سازی کے کردار کے اعتراف کی علامت ہے۔
شرکاء میں وائس چانسلرز، شعبہ جات کے سربراہان، سینئر اساتذہ، پرنسپلز اور طلباء شامل تھے، جن میں سے اکثریت نے سیشنز میں ورچوئل ذرائع سے شرکت کی۔
بلوچستان کے جنوبی اضلاع، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے شرکاء کو خاص توجہ کا مرکز قرار دیا گیا۔۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ درس و تدریس سے وابستہ افراد کو قومی بیانیے کو فروغ دینے میں متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے تنقیدی سوچ اور علم پر مبنی معیشتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
آرمی چیف نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو تنقیدی سوچ، دلیل اور پاکستان کی ترقی کے لیے جدت طرزای کے مراکز بننا چاہیے۔
اس موقع پر انہوں نے اعلیٰ تعلیم، بالخصوص شعبہ تحقیق کو درپیش چیلنجز کا بھی ذکر کیا اور تحقیقی ماحول کی بہتری اور جدت کے فروغ کے لیے پاک فوج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔