خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارشوں اور تیز آندھی کے نتیجے میں دیواریں گرنے، چھتیں منہدم ہونے اور آسمانی بجلی گرنے سے 8 افراد جان بحق جبکہ 21 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں حالیہ جاری بارشوں کے سبب جاں بحق افراد میں 5 مرد اور دو خواتین، ایک بچہ جبکہ زخمیوں میں 10 مرد 5 خاتون اور 6 بچے شامل ہیں۔
بارش اور آندھی کے باعث مجموعی طور پر 25 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 24 کو جزوی اور ایک مکمل طور پر منہدم ہوا۔ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع مردان، صوابی ،پشاور، شانگلہ، سوات، تور غر، مہمند، مانسہرہ اور ہری پور میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارشوں کا سلسلہ 31 مئ تک جاری رہنے کا امکان ہے. پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی سے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کیلئے مراسلہ جاری کیا ہے۔