اسٹیٹ لائف نے تمام ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے تاحیات پینشن پراڈکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، رواں سال کارپوریشن اپنے پالیسی ہولڈرز کو تاریخ کا سب سے بڑا بونس دے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے سی ای او شعیب جاوید حسن نے کہا ہے کہ اسٹیٹ لائف نے تمام ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے لیے تاحیات پینشن پراڈکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
شعیب جاوید حسن نے بتایا کہ مجوزہ پینشن اسکیم کا خاکہ ایک ماہ میں تیار ہوجائے گا جس کی منظوری حاصل کرنے کے لیے سمری وفاقی حکومت کو ارسال کردی جائے گی، ریٹائرڈ ملازمین کے لیے مجوزہ پینشن اسکیم سے 70سال کی عمر سے زائد افراد بھی استفادہ کرسکیں گے اس ضمن میں کارپوریشن نے سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان سے وی پی ایس لائسنس بھی حاصل کرلیا ہے۔
توقع ہے کہ مجوزہ پینشن اسکیم رواں سال ہی متعارف کرادی جائے۔ سی ای او اسٹیٹ لائف نے بتایا کہ ادارہ سندھ حکومت کے اشتراک سے سندھ میں پرائمری ہیلتھ کیئر کے منصوبوں پر بھی کام کررہا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلی سندھ کی سربراہی میں ایک ورکنگ گروپ سرگرم عمل ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شعیب جاوید حسین نے بتایا کہ کارپوریشن کی گروپ انشورنس کی نمو انتہائی حوصلہ افزاء ہے جبکہ مناسب قیمت اور سہولیات کی وجہ سے کارپوریٹ ہیلتھ میں بھی زبردست پذیرائی مل رہی ہے اسی طرح تکافل پراڈکٹس کی گروتھ بھی حوصلہ افزاء ہے۔
ایک اور سوال کے جواب چئیرمین اسٹیٹ لائف نے بتایا کہ میڈیا ورکرز کے لیے متعارف کردہ ہیلتھ کارڈ اسکیم سے خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے صحافی بھرپور انداز میں مستفید ہورہے البتہ کراچی کے صحافیوں کی جانب سے ہیلتھ کارڈز کا استعمال انتہائی محدود ہے اس سلسلے میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کراچی پریس کلب کے اشتراک سے صحافیوں کی آگاہی کے باقاعدہ مہم شروع کرے گی۔