محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم کچھ بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ان علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ شہریوں کو خاص طور پر دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ تاہم، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور بارش کے ساتھ موسم میں تبدیلی دیکھی گئی ۔ لاہور میں آندھی آئی، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ اور کھاریاں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہو گئے، جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
سوات کے بالائی علاقوں میں شدید ژالہ باری جبکہ مردان، بٹ خیلہ اور ہری پور سمیت دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے لیے ژالہ باری اور آندھی کا الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔