مکہ مکرمہ میں طبی ماہرین نے مصری خاتون حاجی کی بینائی بحال کر دی۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی شعبہ صحت کے حکام نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے آئی ہیلتھ سنٹر میں طبی ٹیم نے مصری خاتون حاجی کی بینائی بحال کر دی جنہیں اچانک موتیا بند کا سامنا کرنا پڑا۔
مکہ ہیلتھ کلسٹر نے بتایا کہ معائنے کے ایک سلسلے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مریضہ کو موتیا بند کے ساتھ ریٹنا کے الگ ہو جانے کا مسئلہ تھا، یہ آنکھ کی ایک ہنگامی حالت ہوتی ہے جس کا فوری علاج نہ کرنے کی صورت میں بینائی ہمیشہ کے لیے ختم ہو سکتی ہے۔
سرجری کے بعد مریضہ کی حالت بہتر ہونے پر اسے ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا اور وہ بحفاظت اور آرام سے مناسکِ حج جاری رکھنے کے قابل ہو گئیں۔ ہیلتھ کلسٹر نے کہا کہ ان کی اب قریبی طبی نگرانی ہو رہی ہے تاکہ ریٹنا کی حالت اور نظر میں بتدریج بہتری کو یقینی بنایا جاسکے۔