ڈنمارک میں مقیم پاکستانیوں نے بھارتی سپانسرڈ بلوچستان پراکسی دہشتگردی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا، جس کے نتیجے میں سابق بھارتی وزیر اور بی جے پی کے سینئر رہنما روی شنکر سمیت بھارتیوں کو تقریب کے مقام سے بھاگنا پڑا۔
بھارت کے سابق وزیر اور بی جے پی کے سینئر رہنما روی شنکر ڈنمارک کے اوپن ایئر مقام تقریب میں شرکت کے لئے مدعو تھے، ڈنمارک میں مقیم پاکستانیوں کو خبر ملنے کے بعد کثیر تعداد میں پاکستانی بلوچستان پراکسی دہشتگردی کے خلاف احتجاج کے لئے اکھٹے ہوگئے۔
احتجاج میں کثیر تعداد میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے “گجرات کا قصائی، مودی قصائی” اور “انٹرنیشنل دہشت گرد، مودی دہشت گرد” کے نعرے لگائے۔ اس کے ساتھ ساتھ “پاک فوج زندہ باد” اور “کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے بھی گونجتے رہے۔
مظاہرین پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈے تھامے ہوئے تھے، جنہوں نے پرامن مگر مؤثر انداز میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔
روی شنکر کی آمد پر موجود بھارتی شہری احتجاج کے آغاز کے فوراً بعد ہال کے اندر بھاگ گئے، اور کوئی بھی بی جے پی رہنما کا استقبال نہ کرسکا۔ ذرائع کے مطابق تقریب میں شرکت کےلئے بھارتی سفیر بھی موجود تھے تاہم احتجاج کے باعث وہ بھی روی شنکر کا استقبال کرنے کےلئے ہال سے باہر نہیں آسکے۔
پاکستانیوں کے احتجاج کے باعث تقریب باضابطہ آغاز سے قبل ہی اہتمام کا شکار ہوگئی ۔