وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کو ہماری ترقی ہضم نہیں ہو رہی، یہ خون کے پیاسے ہیں، عوام نے ان کا راستہ روکنا ہے۔ انہوں نے کہا حالیہ جنگ مختصر مگر خطرناک تھی،افواج پاکستان نے یہ جنگ جیت کر نہ صرف ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ بھارت سے 1971 کا بدلہ بھی لےلیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر پاکستان کی ترقی کے سخت خلاف ہیں اور ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن قوم متحد ہے اور دشمنوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارت نے جو پاکستان پر حملہ کیا تھا، افواج پاکستان کی بہترین کارکردگی اور دلیری کے باعث دشمن کو وہ شکست دی جو وہ عمر بھر یاد رکھے گا، اس حوالے سے میں بلوچستان کے بھائیوں اور بہنوں جبکہ دیگر صوبوں کے بھائیوں اور بہنوں کا ممنون ہوں، جو افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوگئی۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی دانشمندی اور جرات مندی کے ساتھ عسکری قیادت فراہم کی، جس سے جنگ میں کامیابی حاصل ہوئی اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ جنگ مختصر مگر خطرناک تھی، جس میں پاکستانی عوام افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ انہوں نے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ دانشمندانہ اور انتہائی منظم قیادت کو سراہا اور کہا کہ افواج پاکستان نے یہ جنگ جیت کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ بھارت سے 1971 کا بدلہ بھی لےلیا ہے۔
وزیراعظم نے بلوچستان کے عوام کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد بلوچ عمائدین نے قائداعظم کی قیادت کو تسلیم کیا اور بلوچستان کو پاکستان کا حصہ بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو شکایت ہے تو اسے دہشتگردوں کے بجائے بھائیوں سے بیٹھ کر بات چیت سے حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ جو لوگ ملک کے دشمنوں کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں اور ترقی کے دشمن ہیں، ان کا راستہ بلوچستان کے عوام کو خود روکنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ 2010 میں بلوچستان کے حصے میں اضافہ پنجاب کی قربانی سے ممکن ہوا، جو قومی یکجہتی کی علامت ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے جغرافیائی حالات اور وسعت ایسے ہیں کہ ان پر اربوں ،کھربوں بھی خرچ کیے جائیں تو کم ہوں گے، لیکن وفاق بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہا ہے۔