چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں پاکستان کا وفد جنگی جنون میں مبتلا بھارت کے ناپاک عزائم بے نقاب کرنے کے لیے نیویارک پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، صدر جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے اراکین کو خطے کی صورتحال سے آگاہ کرے گا۔
پاکستان کا وفد غیر وابستہ ممالک کی تنظیم کے اراکین سے بھی ملاقات کرے گا، وفد نیویارک میں او آئی سی گروپ کو بھی بریفنگ دےگا۔
پاکستانی وفد میں مصدق ملک، سینیٹر شیری رحمان، خرم دستگیر، تہمینہ جنجوعہ، جلیل عباس جیلانی اور حنا ربانی کھر شامل ہیں ، وفد 3 جون کو واشنگٹن پہنچے گا، اور وہاں 6 جون تک قیام کرے گا، واشنگٹن میں امریکی حکام اور تھنک ٹینک سے ملاقاتیں ہوں گی۔
واضح رہے کہ پاک-بھارت حالیہ کشیدگی کے بعد بھارت نے جارحیت کرنے کے باوجود اپنا پروپیگنڈا پھیلانے کی غرض سے ششی تھرور کی سربراہی میں ایک وفد امریکا بھیجا تھا، جس نے دیگر ممالک کے دورے بھی کرنے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دینے کے لیے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کا وفد تشکیل دیا تھا، جو عالمی برادری اور دوست ممالک کو حالیہ کشیدگی کی وجوہات، پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کرکے عالمی حمایت سمیٹے گا۔