وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی چھیڑ چھاڑ کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
نارووال میں خصوصی افراد میں وہیل چیئرز، واکرز اور دیگر آلات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو ایسی عبر ت ناک شکست دی ہے کہ اسے دن میں تارے نظر آ ئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دشمن کو اس کے غرور کا جواب ہماری فضائیہ نے زمین پر دے دیا، بھارتی فضائیہ کے وہ جہاز جن پر ہندوستان کو فخر تھا، ہماری بہادر فضائیہ نے انہیں تباہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک انعام ہے، جس پر پوری قوم کو شکر ادا کرنا چاہیے۔
احسن اقبال نے پی ٹی آئی پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا سوشل میڈیا مسلسل ملکی اداروں اور فوج کیخلاف پروپیگنڈا میں مصروف رہا، وہ یہ تاثر دے رہے تھے کہ ملک تباہی کے دہانے پر ہے اور فوج اپنا کردار ادا کرنے کے قابل نہیں۔
فوج کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل جنرل حافظ سیدعاصم منیر نے جس بہادری اور قائدانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے، وہ تاریخ میں ایک مثال بن گیا ہے۔
انہوں نے ماضی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2019 میں جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو اُس وقت کے پرائم منسٹر نے بے بسی کا اظہار کیا لیکن آج کے وزیر اعظم نے مسلح افواج کو واضح ہدایت دی کہ دشمن کو ایسا جواب دیا جائے کہ وہ صدیوں یاد رکھے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ بھارت اب خود تسلیم کر رہا ہے کہ پاکستان نے اس کے جنگی جہاز مار گرائے۔ آخر میں انہوں نے پوری قوم کو اس شاندار فتح پر مبارکباد دی ۔