کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلے کے جھٹکے ملیر، لانڈھی اور قائدآباد کے علاقوں میں محسوس کیے گئے، جس پر لوگ خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، جب کہ کئی مساجد میں اذانیں دی گئیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کراچی میں زلزلے کے جھٹکے رات ایک بج کر 6 منٹ پر محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.2 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز گڈاپ ٹاؤن کے قریب جبکہ گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اتوار کی شام 5 بج کر 33 منٹ پر بھی شہر میں 3.6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کا مرکز قائدآباد کے قریب جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔