کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں موٹرسائیکل سوار نوجوان سدھیر پر ملزم سلمان فاروقی کے مبینہ تشدد کے بعد متاثرہ خاندان خوف اور دباؤ کے باعث فلیٹ چھوڑ کر کہیں اور منتقل ہو گیا ہے۔
رنچھوڑ لائن کا رہائشی سدھیر اپنی بہن کلپنا کے ہمراہ گھر جا رہا تھا جب خیابان اتحاد پر ایک گاڑی سے معمولی ٹکر کے بعد ملزم نے نہ صرف اسے زدوکوب کیا بلکہ موقع پر ہی عدالت لگا کر قانون ہاتھ میں لے لیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق متاثرہ بہن بھائی ملازمت پیشہ ہیں اور وقوعہ کے بعد سے ان کے فلیٹ کو تالہ لگا ہے، وہ کسی سے بھی رابطے میں نہیں اور مکمل طور پر لاپتہ ہیں۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ کسی دباؤ کے تحت اپنی رہائش چھوڑ کر منتقل ہوئے ہیں۔
واقعے کی ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، پولیس حرکت میں آئی اور ایک شہری محمد اسلم کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں دھمکیاں دینے، دست اندازی اور حبس بے جا میں رکھنے کی دفعات شامل کی گئیں۔ ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا کے مطابق ملزم نے اسلحے کے زور پر سدھیر پر بہیمانہ تشدد کیا، جو کہ ناقابل قبول ہے۔
پولیس نے ابتدائی طور پر ملزم کے ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کیا، جب کہ بعدازاں خود سلمان فاروقی کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ نوجوان سے رابطے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے آسکے۔